جے پور، 14/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صدر پرنب مکھرجی کل جے پور پہنچیں گے اور بڑلا آڈیٹوریم میں منعقد سابق نائب صدر آنجہانی بھیرو سنگھ شیخاوت کی یاد میں پہلے میموریل لیکچر کے مہمان خصوصی ہوں گے۔صدرمکھرجی جے پور دورے پر کل دوپہر یہاں پہنچیں گے اور براہ راست بڑلا آڈیٹوریم جائیں گے،جہاں وہ سابق نائب صدر بھیروسنگھ شیخاوت کی یاد میں پہلے میموریل لیکچر میں مہمان خصوصی کے طور پر لیکچر دیں گے۔صدر پروگرام کے دوران سکم کے وزیر اعلی پون کمار چاملنگ کولائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازیں گے۔ایک سرکاری ریلیز کے مطابق،تقریب میں راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ، پنجاب کے گورنر وی پی سنگھ بدنور، راجستھان کی وزیر اعلی وسندھرا راجے اور سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہوں گے۔صدر پرنب مکھرجی کے کل جے پور دورے کے لیے آج ریہرسل کرتے ہوئے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے سانگانیر ہوائی اڈے سے لے کر پروگرام کی جگہ بڑلا آڈیٹوریم اور دیگر مقامات پر تیاریوں کا جائزہ لیا۔ریہرسل کے دوران سانگانیر ہوائی اڈے سے گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوکر بڑلا آڈیٹوریم پہنچا۔آڈیٹوریم میں صدر کے پہنچنے سے لے کر اہم مرحلے پر پروگرام میں حصہ لینے سے متعلق تمام طرح کے انتظامات کا سینئر انتظامی اور پولیس افسران نے موقع پر باریکی سے جائزہ لیا اور وہاں الگ الگ ڈیوٹی پوائنٹس لگائے گئے اور مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین کو ضروری ہدایت دی گئی۔اس دوران رکن اسمبلی نرپت سنگھ راجوی، جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے چیف سکریٹری پی کے گوئل، ضلع کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ سدوارتھ مہاجن، پولیس کمشنر سنجے اگروال سمیت ضلع انتظامیہ، پولیس اور مختلف محکموں کے افسران موجود رہے۔